bookcorner  info@bookcorner.com.pk
Hot

Muhammad Rasoolullah محمد رسول اللہ ﷺ

PKR 1,800.00

  • Description

Description

حضور نبی کریم خاتم النّبیین ﷺ کے سیرت نگاروں کی فہرست کافی طویل ہے۔ ان میں عربی سکالرز بھی ہیں اور فارسی محقق بھی، افریقی لکھاری بھی ہیں اور ہندی شعرا بھی، اُردو ادبا بھی ہیں اور ترکی مؤرخین بھی، لاطینی و فرنچ اصحاب قلم و قرطاس بھی ہیں اور انگریزی سیرت نویس بھی۔ سیرت نگاری کے اس میدان میں نہ صرف مسلم سکالرز و محققین شامل ہیں بلکہ غیر مسلم ادبا و شعرا بھی اس سلسلے میں خاصی شہرت رکھتے ہیں۔
زیرِ نظر کتاب ’’محمد رسول اللہﷺ ‘‘ بھی سیرتِ طیبہ کے اس زریں سلسلے کی ایک خوبصورت کڑی ہے بلکہ انگریزی میں لکھی گئی کتبِ سیرت میں ایک عمدہ اور محققانہ اضافہ ہے۔ اس کی تصنیف کا سہرا نومسلم سکالر مارٹنلنگز (ابوبکر سراج الدین) کے سر ہے، جو کہ 1909ء میں انگلستان کے مشہور شہر برنیج میں پروٹسٹنٹ عیسائی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کے بعد انہوں نے آکسفرڈ یونیورسٹی سے انگریزی زبان و ادب میں گریجویشن کیا۔ اس کے بعد وہ لیتھونیا کی ’’وائی ٹاٹس میگنس یونیورسٹی‘‘ میں مڈل انگلش کے لیکچرار مقرر ہوئے۔ لنگز انگریزی ادب کے مایہ ناز قاری، لکھاری اور شاعر تھے۔ شیکسپیئر پر ان کو عبور حاصل تھا، اسی وجہ سے انہیں یورپ میں ماہر شیکسپیئر کہا جاتا ہے۔ انہوں نے انگریزی ادب کے مطالعے کے دوران ہی اسلامی تصوف اور روحانیت پر مطالعہ شروع کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ 1938ء میں پروفیسر شیخ عبدالواحد یحییٰ کے ہاتھ پر قبولِ اسلام کی دولت سے مالا مال ہوئے۔ 1939ء میں لنگز الازہر یونیورسٹی قاہرہ (مصر) چلے گئے۔ وہاں دس سالوں سے زیادہ عرصے تک انگریزی زبان و ادب کی تدریس کرتے رہے۔ 1952ء میں مصر سے انگلستان آ گئے۔ یہاں یونیورسٹی آف لندن سے انہوں نے عربی میں گریجویشن کیا اور بعد ازاں اسی یونیورسٹی سے تصوفِ اسلامی کے موضوع پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ 1971ء میں وہ برٹش میوزیم میں اورینٹل مخطوطات اور مطبوعہ کتب کے نگران بنے۔ علاوہ ازیں وہ کئی یونیورسٹیز میں لیکچر دینے کے ساتھ ساتھ دُنیا کے متعدد ممالک میں تبلیغ دین کے فرائض سر انجام دیتے رہے۔ ان کی اسلام، قرآن اور صاحبِ قرآن پر درجنوں کتابوں میں سے ’’محمد رسول اللہﷺ‘‘ عالمگیر شہرت کی حامل ہے۔ یہ کتاب 1983ء میں پہلی بار انگریزی میں چھپی۔ 1983ء میں ہی سالانہ قومی سیرت کانفرنس پاکستان میں اس کتاب کو انگریزی میں لکھی گئی سیرتِ طیبہﷺ پر سب سے بہترین کتاب قرار دے کر صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ 1990ء میں الازہر یونیورسٹی نے بھی اس کتاب کو سیرت النبیﷺ کی بہترین کتاب قرار دیا اور مصر کے صدر حسنی مبارک نے مارٹن لنگز کو صدارتی ایوارڈ پیش کیا۔ جبکہ دُنیا بھر کے متعدد اخبارات و رسائل نے اس کتاب پر خوبصورت تبصرے کیے:
“This work is widely recognized as the most readable account of the life of the Prophet to date.”
(The Times, London)
“For those interested in Islam in one way or another, it is mesmerizing.”
(Parabola, New York)
اس شاہکار کتاب کے اب تک اُردو، عربی، لاطینی، فرنچ، ڈچ، ہسپانوی، ترکی اور دنیا کی درجنوں دوسری زبانوں میں تراجم منظرِ عام پر آچکے ہیں۔ یہ اس کا سلیس، رواں اور خوبصورت ترجمہ ہے۔ اس شہرہ آفاق کتاب کی اہمیت و افادیت، لنگز کی محبت و عشق اور سوز و گداز کے پیشِ نظر ادارہ ’’بک کارنر جہلم‘‘ اسے پاکستان سے اُردو میں چھاپتے ہوئے فرحت و مسرت محسوس کر رہا ہے اور انتہائی فخر کے ساتھ عالمِ اسلام کے اس عظیم ادیب و صوفی کے شاہکار کوقارئین کی خدمت میں پیش کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہے۔
اس کتاب کے مترجم کاظم جعفری، جبکہ اس پر نظرِ ثانی کرنے والے ہمارے مہربان دوست سیّدسجاد حیدر اور سہیل عمر کا تہہ دل سے ممنون ہوں، اللہ تعالیٰ ان کی اس خدمت کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور اس کتاب کو عوام الناس میں قبولیت عطا فرمائے۔